اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ اسلامی انقلاب کی چھتیسویں سالگرہ کے موقع پر بدھ کو پورے اسلامی جمہوریہ ایران کے ایک ہزار سے زائد شہروں اور پانچ ہزار سے زائد قصبوں اور دیہاتوں میں ریلیاں اور جلوس نکالے گئے- ان ریلیوں اور جلوسوں میں عوام نے بھرپور جوش و جذبے کے ساتھ شرکت کی – ریلیوں کے شرکا نے مردہ باد امریکہ، مردہ باد اسرائیل کے نعروں کے علاوہ ایٹمی توانائی ہمارا مسلمہ حق ہے، اور ہماری رگوں میں جو خون دوڑ رہا ہے وہ رہبر انقلاب کا تحفہ ہے، کے فلک شگاف نعرے لگائے- ریلیوں میں شریک مرد و زن اور بچوں نے بانی انقلاب اسلامی امام خمینی رحمۃ اللہ علیہ اور رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای کی تصاویر اٹھا رکھی تھیں- ان ریلیوں کی خاص بات دنیا کے تیس سے زائد ممالک سے چار سو سے زائد غیرملکی مہمانوں کی شرکت اور ہزاروں افراد کی شرکت سے انقلابی ترانوں کے پروگرام تھے- تہران میں اسلامی انقلاب کی کامیابی کی سالگرہ کی مرکزی تقریب آزادی اسکوائر پر منعقد ہوئی جس میں سرکاری و فوجی حکام کے علاوہ غیرملکی مہمانوں نے بھی شرکت کی- اس موقع مسلح افواج کے چھاتہ برداروں نے اپنے فن کا مظاہرہ کیا اور ایئر پریڈ بھی منعقد ہوئی جبکہ بائیس اسکولی طلبہ نے مل کر انقلابی ترانے گائے اور آخر میں ایک قرارداد پڑھ کر سنائی گئی جس کی حاضرین نے فلک شگاف نعروں کے ساتھ منظوری دی- دو سو پینسٹھ سے زائد غیرملکی صحافیوں اور ڈیڑھ ہزار سے زائد ملکی صحافیوں اور نامہ نگاروں نے تہران میں اس پروگرام کی کوریج کی جبکہ ایران کے دیگر شہروں میں ہونے والے پروگراموں کی کوریج کے لیے دو ہزار آٹھ سو سے زائد نامہ نگار موجود تھے-
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲